پیرس (لارڈ میڈیا): فرانس اور اسپین کے جنگلات میں لگی آگ کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں فائر فائٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ان جنگلات میں آگ پر مکمل قابو پانے میں کئی ماہ لگنے کا امکان ہے۔ رپورٹس کے مطابق، فرانس میں آگ دارالحکومت پیرس سے چار گنا زیادہ رقبے پر پھیل چکی ہے اور سوا 2 لاکھ افراد کو نقل مکانی کے لئے مجبور ہونا پڑا ہے۔
جون کے دوران آنے والی شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے فرانس میں 17 جون سے 2 جولائی کے درمیان 5,764 اضافی اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اسپین میں بھی میڈرڈ اور ویلنشیا کے نواحی علاقوں میں آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔
اسپین میں 80 ہزار افراد کو انخلا کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ دیگر 30 ہزار کو اپنے گھروں میں رہنے کا کہا گیا ہے۔ اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ ملک کو ماحولیاتی ہنگامی حالت کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ فرانس میں جنوب مغربی جنگلات میں یہ آگ ہیٹ ویو کے دوران لگی تھی۔


