اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کی قرضوں تک رسائی بڑھانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک، اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جو بینک سب سے زیادہ قرضے فراہم کریں گے، انہیں خصوصی ایوارڈ دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے مالیات تک رسائی کے فروغ کیلئے گورننس ڈھانچے کی منظوری دی۔ اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے جبکہ وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک اسٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جون 2026ء میں بینکوں کی جانب سے ایس ایم ای فنانسنگ کا حجم 1.15 ٹریلین روپے تھا، جسے جون 2028ء تک 2 ٹریلین روپے تک لے جانے کا ہدف ہے۔ قرض لینے والوں کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار کرنے کا منصوبہ ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بینکوں کی کارکردگی جانچنے اور اہداف کے حصول کیلئے اسکورنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔


