ہومUncategorizedٹیلی کام سیکٹر نے 2025 میں 278 ارب روپے ٹیکس دیا، جی...

ٹیلی کام سیکٹر نے 2025 میں 278 ارب روپے ٹیکس دیا، جی ایس ایم اے کی رپورٹ

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) ٹیلی کام سیکٹر نے 2025 کے دوران تقریباً 278 ارب روپے ٹیکس اور فیسوں کی مد میں قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، یہ بات موبائل آپریٹرز کی عالمی تنظیم جی ایس ایم اے کی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو رہی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان میں خواتین کی موبائل انٹرنیٹ تک رسائی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جو 45 فیصد سے بڑھ کر 53 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ صنفی فرق 25 فیصد سے کم ہو کر صرف 8 فیصد رہ گیا ہے۔

جی ایس ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اسپیکٹرم اصلاحات سے سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئی ہے، تاہم ٹیلی کام شعبے پر عائد بھاری ٹیکس سرمایہ کاری کی رفتار کو متاثر کر سکتے ہیں۔

جی ایس ایم اے کے ہیڈ آف ایشیا پیسیفک جولین گورمن نے کہا کہ پاکستان کو مصنوعی ذہانت پر مبنی معیشت کے تقاضے پورے کرنے کے لیے فائبر نیٹ ورک، کلاؤڈ ڈیٹا سینٹرز اور توانائی کے انفراسٹرکچر میں مزید سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسپیکٹرم اصلاحات کا عمل جاری رکھنا اور ریگولیٹری فیسوں و مالیاتی بوجھ کے درمیان متوازن پالیسی اپنانا ضروری ہے، تاکہ موبائل آپریٹرز نیٹ ورک کی توسیع، فائبر آپٹک، ڈیٹا سینٹرز اور قابل اعتماد توانائی کے نظام میں سرمایہ کاری جاری رکھ سکیں۔

جولین گورمن نے یہ بھی کہا کہ خواتین اور دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل شمولیت کو مزید فروغ دینا ہوگا، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، ریگولیٹری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون ہی ڈیجیٹل پاکستان ویژن 2030 کے اہداف کے حصول کو یقینی بنا سکتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں