لاہور (لارڈ میڈیا) : لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 158 تک پہنچنے پر پنجاب حکومت نے سموگ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر آلودگی کے مقامی ذرائع کے خلاف فیلڈ اسکواڈز کو فعال کر دیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 269 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، 11 یونٹس سیل، ایک کے خلاف مقدمہ درج جبکہ 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی میں 431 بھٹوں کی جانچ ہوئی، 5 بھٹے مسمار اور 9 سیل کیے گئے۔
غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف 309 مقامات کی انسپیکشن کے دوران 17 مقامات سیل، 1297 کلوگرام پلاسٹک ضبط اور 1 لاکھ 48 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ دھویں کے مقامی ذرائع کے خلاف کارروائی میں 245 باربی کیو پوائنٹس چیک کیے گئے۔
حکومت نے فصلوں کی باقیات کے انتظام کے لیے 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد کسانوں سے رابطہ کیا اور تربیت مکمل کی۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے صاف ہوا اور محفوظ ماحول کے لیے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔


