اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کا افتتاح کرتے ہوئے اس کا نام دانش آئی ٹی پارک رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارک ڈیجیٹل ترقی اور معاشی خوشحالی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ دانش آئی ٹی پارک دانش اسکولوں کی طرز پر تناور درخت بنے گا اور ملک بھر کے ہونہار اور مستحق طلبا کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع حاصل ہوں گے۔
وزیراعظم نے جنوبی کوریا کے 1985 کے دورے کا بھی ذکر کیا، جس کے نتیجے میں لاہور میں پہلی بار ایئر کنڈیشنڈ بسیں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارک کی طرز پر ملک بھر میں اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
وزیراعظم نے وزیر آئی ٹی، ان کی ٹیم اور تمام شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ منصوبہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے کہا کہ یہ آئی ٹی پارک جنوبی کوریا کے ترقیاتی تعاون فنڈ کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون پر شراکت داروں کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ آئی ٹی پارک پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر نے کہا کہ آئی ٹی پارک ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کیلیے کاوشوں کا اہم جزو ہے اور وزیراعظم کا ڈیجیٹل نیشن کا تصور قومی عزم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔


