میر علی (لارڈ میڈیا): میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں 3 خارجی ہلاک ہوگئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ فورسز نے میرعلی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔
دوسری جانب بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ضلع سوراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک اور دوسرا فرار ہوگیا۔
صدر مملکت زرداری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو قابلِ فخر قرار دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


