ہومUncategorizedلاہور میں سموگ آپریشن، 11 صنعتی یونٹس سیل، 12 لاکھ روپے جرمانہ

لاہور میں سموگ آپریشن، 11 صنعتی یونٹس سیل، 12 لاکھ روپے جرمانہ

لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 158 ریکارڈ ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے سموگ کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر آلودگی کے مقامی ذرائع کے خلاف فیلڈ انفورسمنٹ، مانیٹرنگ اور روک تھام کا مربوط نظام فعال کردیا گیا ہے۔

حکومت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 269 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، 11 یونٹس سیل، ایک کے خلاف مقدمہ درج جبکہ 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی میں 431 بھٹوں کی جانچ کی گئی، 5 بھٹے مسمار، 9 سیل اور 9 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 14 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد ہوا۔

غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف 309 مقامات کی انسپیکشن کے دوران 17 مقامات سیل، 1297 کلوگرام پلاسٹک ضبط اور ایک لاکھ 48 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ دھویں کے بڑے مقامی ذرائع کے خلاف کارروائی کے دوران 245 باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس چیک کیے گئے، 55 مقامات پر سکشن ہڈز نصب جبکہ 34 مقامات سیل کیے گئے۔

گردوغبار پر قابو پانے کے لیے 1178 کلومیٹر سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا، 44 مقامات پر کھلے تعمیراتی مواد کو ڈھانپنے کا انتظام کرایا گیا۔ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے پنجاب میں 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد کسانوں سے رابطہ کیا گیا اور 4 لاکھ 31 ہزار سے زائد کسانوں کی تربیت مکمل کی جاچکی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ صاف ہوا، محفوظ ماحول اور بہتر صحت کے لیے سموگ کے ہر مقامی ذریعے کے خلاف کارروائی، آگاہی اور روک تھام جاری ہے۔ انہوں نے کسانوں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں کی باقیات ماحول دوست طریقے سے تلف کی جائیں، جبکہ دھویں سے متعلق شکایات 1373 پر درج کرائی جائیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں