راولپنڈی (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے تمام ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج رات 10 بجے پورے پاکستان کے ہر چوک کو ڈی چوک بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکنان پاکستان اور پی ٹی آئی کے پرچم لے کر چوکوں اور چوراہوں میں نکل آئیں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ روڈ پہنچے جہاں راولپنڈی پولیس نے رکاوٹیں ہٹا دیں۔ ملاقات کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ ملاقات کا چانس نظر نہیں آ رہا تو وزیراعلیٰ نے انتظار کرنے کی بات کہی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ 2022ء سے بانی اور ان کی جماعت کے ساتھ روا رکھا گیا رویہ غلط ہے اور پورے پاکستان کو ضد اور انا میں تباہی کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو 27 ستمبر کے مارچ پر فوکس رکھنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کی کال حکومت کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے اور خیبر میں عوام کا سمندر نکلا۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو 20 لاکھ لوگ اسلام آباد لائیں گے۔
سہیل آفریدی نے دیگر سیاسی جماعتوں کو ملک کے لیے غیر مخلص قرار دیا اور کہا کہ حکومتی وزیر نے خود کہا ہے کہ سسٹم کولیپس کر چکا ہے۔


