لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب حکومت نے انتظامی اخراجات میں کمی اور محکموں کی تنظیم نو کے تحت صوبے کے مختلف محکموں میں 101 آسامیاں ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے اس فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جو محکمہ خزانہ کے 31 جولائی 2026 کے فیصلے کے تحت عمل میں آیا۔
سب سے زیادہ 6 آسامیاں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ختم کی گئی ہیں، جبکہ محکمہ خزانہ، محکمہ صحت و آبادی، محکمہ داخلہ اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی 5،5 آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ آفس پنجاب میں سیکشن افسران کی 3 اور لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی 3 آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔
محکمہ زراعت، مواصلات و تعمیرات، توانائی، ایکسائز، فوڈ سیفٹی، ہائر ایجوکیشن اور آبپاشی کی 2،2 آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی بھی 2،2 آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بھی مختلف محکموں کی آسامیاں ختم کی گئی ہیں، جہاں ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کی 8 آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔ فنانس اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی 4،4 اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی 4 آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں متعلقہ محکموں کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے مزید ضروری کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


