اسلام آباد (لارڈ میڈیا): چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ مایوس کن ہوگا اور وہ صرف فوٹو سیشن کے لیے وزیراعظم کے پاس نہیں جانا چاہتے۔ انہوں نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سے عوام کو کسی قسم کا ریلیف ملنے کی امید نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے حکومتی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ حکمرانوں نے قرضوں پر انحصار کیا اور اپنے اخراجات کم نہیں کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی شاہ خرچیاں اور مس مینجمنٹ بڑھتی جا رہی ہیں۔ بجٹ کو عام آدمی کی زندگی میں حقیقی تبدیلی لانے والا ہونا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ ملاقات کی کوششیں جاری ہیں، تاہم کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کو گپ شپ کی دعوت دے رہی ہے جبکہ عوام معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سنجیدہ سیاسی امور پر پیش رفت چاہتے ہیں۔


