ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارتی اداکارہ ایوا گروور نے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے سوتیلے بھائی حیدر علی خان سے اپنی شادی کے دردناک تجربات کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی ازدواجی زندگی کا آغاز محبت کی خوبصورت داستان سے ہوا، مگر جلد ہی یہ ایک دردناک تجربے میں تبدیل ہوگیا۔
ایوا نے کہا کہ انہوں نے حیدر کے ساتھ صرف 18 دن ڈیٹ کرنے کے بعد شادی کا فیصلہ کرلیا تھا، لیکن حقیقت ان کی توقعات کے برعکس نکلی۔ ان کی والدہ بھی مختلف مذہب کی وجہ سے اس شادی کے خلاف تھیں، مگر ایوا نے حیدر کے ساتھ بھاگ کر شادی کرلی۔
ایوا نے دعویٰ کیا کہ شادی کے بعد مسائل پیدا ہوگئے، حیدر کا رویہ جارحانہ تھا اور وہ انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ اس کے باعث ان کا ذہنی سکون متاثر ہوا۔
ایوا نے مزید بتایا کہ انہوں نے کئی برس تک اس رشتے کو بچانے کی کوشش کی، لیکن سب بےمعنی رہا۔ چار سال بعد انہوں نے ماں بننے کا فیصلہ کیا، مگر اس سے صورتحال بدلنے کی بجائے مزید خراب ہوگئی۔
بیٹی کی پیدائش کے بعد، ایوا نے اپنی بیٹی کو اپنی طاقت مانا اور فیصلہ کیا کہ وہ مزید یہ سب برداشت نہیں کریں گی۔ دوستوں، کولیگز اور فیملی کے تعاون سے انہوں نے اس رشتے کو چھوڑنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ پایا۔


