پیرس (لارڈ میڈیا): فرانس میں جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلق رکھنے والے فرانسیسی ماڈلنگ اسکاؤٹ ڈینیئل سیاد اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ فرانسیسی حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق 69 سالہ ڈینیئل سیاد پیرس کے نواحی علاقے میں اپنی رہائش گاہ سے مردہ ملے۔ فرانسیسی استغاثہ نے موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ڈینیئل سیاد ان افراد میں شامل تھے جن پر الزام تھا کہ انہوں نے جیفری ایپسٹین کو خواتین کی اسمگلنگ اور جنسی استحصال میں مدد فراہم کی۔ تاہم ان سے تاحال تفتیش نہیں کی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ڈینیئل سیاد نے اپنے خلاف تمام الزامات کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ تفتیش کاروں کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنا چاہتے ہیں۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈینیئل سیاد کا نام ایپسٹین سے متعلق ڈی کلاسیفائیڈ دستاویزات میں ایک ہزار سے زائد مرتبہ سامنے آیا تھا۔ ان دستاویزات میں ان کے اور ایپسٹین کے درمیان ہونے والی بعض گفتگوؤں کا بھی ذکر موجود ہے۔
فرانس میں اس سے قبل معروف ماڈلنگ ایجنٹ ژاں لوک برونیل کو بھی ایپسٹین کے لیے خواتین فراہم کرنے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم وہ 2022 میں جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔ جیفری ایپسٹین 2019 میں امریکا میں جنسی اسمگلنگ کے مقدمے کی سماعت سے قبل جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔


