ہومپاکستانپنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 26 افراد جاں بحق

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 26 افراد جاں بحق

لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 افراد کی موت ہوگئی جبکہ کئی اضلاع میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا میں مون سون کی طوفانی بارشوں سے فلیش فلڈ نے 18 افراد کی جان لے لی جبکہ 19 زخمی ہیں۔

پنجاب میں گوجرانوالہ میں صورتحال خطرناک ہوتی جارہی ہے، ماس ٹرانزٹ منصوبہ پانی میں ڈوب گیا اور سڑکیں و گلیاں زیر آب آگئیں۔ گجرات میں نشیبی علاقے زیر آب ہیں جبکہ فیصل آباد کی مرکزی شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ سیالکوٹ، منڈی بہاء الدین اور حافظ آباد میں تیز بارشوں کا سلسلہ چوبیس جولائی تک جاری رہے گا۔ پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں سے 30 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ اور شانگلہ متاثرہ اضلاع میں شامل ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلادھار بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ کوہِ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بھی برسات جاری ہے۔

شمالی وزیرستان میں دریائے ٹوچی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، عیدک گاؤں سے تعلق رکھنے والے 2 افراد بہہ گئے۔ مقامی افراد نے زیرکی گاؤں کے قریب لاشوں کو نکال لیا ہے اور لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مرالہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خانکی بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی صورتحال مستحکم ہے۔ قادر آباد بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تریموں بیراج پر پانی کی آمد و اخراج معمول کے مطابق ہے۔

Authors

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں