میڈرڈ (لارڈ میڈیا): ہسپانوی فٹبال لیگ لا لیگا کے صدر خاویر تیباس نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ تیباس نے الزام عائد کیا ہے کہ انفانٹینو بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں غیر ضروری توسیع کے ذریعے عالمی فٹبال کے نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
تیباس نے ایک اطالوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انفانٹینو کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب انہیں عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ اور دیگر مقابلوں میں مسلسل اضافہ کرنے سے مقامی لیگز اور کلبوں پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے جبکہ کھلاڑیوں کے شیڈول بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
ان کے مطابق بہت سے فٹبال سے وابستہ افراد نجی طور پر انفانٹینو کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہیں، مگر کوئی بھی ان کے خلاف انتخاب لڑنے کو تیار نہیں کیونکہ موجودہ نظام میں کامیابی کے امکانات کم ہیں۔
لا لیگا سربراہ نے امریکی فارورڈ فولارین بالوگن کی معطلی مؤخر کیے جانے کے فیصلے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے اسے تشویشناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس معاملے کے مختلف نتائج سامنے آتے تو فیفا قیادت کے لیے بڑا بحران پیدا ہو سکتا تھا۔
تیباس کے مطابق یہ واقعات صرف بڑے مسائل کی ایک جھلک ہیں۔


