بیجنگ (شِنہوا) چین نے جنگلات اور سبزہ زاروں کے تحفظ کا 5 سالہ منصوبہ پیش کیا ہے جس میں 15 ویں 5سالہ منصوبے (2026تا2030) کے دوران قومی سطح کے متعدد اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔
قومی ادارہ برائے جنگلات و چراگاہیں اور تین دیگر سرکاری شعبوں کے جاری کردہ اس منصوبے کے مطابق چین کا مقصد 2030 تک جنگلات کا رقبہ بڑھا کر 25.8 فیصد کرنا، جنگلاتی ذخائر کا حجم 22.4 ارب مکعب میٹر تک پہنچانا اور اس شعبے کی مجموعی پیداواری مالیت 140 کھرب یوآن (تقریباً 20 کھرب امریکی ڈالر) تک پہنچانا ہے۔
اس حکمت عملی کے تحت 2030 تک چین کے شمالی، شمال مغربی اور شمال مشرقی علاقوں میں قومی تحفظاتی شجرکاری پروگرام کے سنگ میل منصوبوں میں اہم پیش رفت کا ہدف بھی طے کیا گیا ہے۔
اس میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی مہمات چلانے، محفوظ علاقوں کا نظام بہتر بنانے اور جنگلات و چراگاہوں کی صنعت کو فروغ اور وسعت دینے کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
اس میں جنگلی حیات کے تحفظ کا ایک ایسا منصوبہ بھی شامل ہے جو سرکاری تحفظ میں موجود انتہائی نایاب اور خطرے سے دوچار 165 حیوانی و نباتاتی انواع کے لئے ہنگامی امداد اور قبل از وقت خطرے کی نگرانی اور نشاندہی بھی کرے گا۔


