اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ملک میں وسائل کی تقسیم کے فریم ورک پر ایک وسیع مفاہمت طے پا گئی ہے، جس میں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد طے پایا کہ این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے اور بی آئی ایس پی کے ڈھانچے کو برقرار رکھا جائے گا، تاکہ مرکز کی مالی مشکلات کو حل کیا جا سکے اور سماجی تحفظ کے نظام کو برقرار رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی نے بجٹ منظور کروانے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے اور بعض قابل عمل نکات پر تکنیکی کمیٹیاں مشاورت جاری رکھیں گی۔ صوبے مل کر 10 کھرب روپے سے زائد مالی وسائل وفاق کو دیں گے، جس کی تفصیلات تکنیکی کمیٹیاں طے کریں گی۔
اس مفاہمت کو اسلام آباد کو درپیش مالی دباؤ کم کرنے کا ایک سمجھوتہ قرار دیا جا رہا ہے، تاکہ این ایف سی ایوارڈ جیسے حساس معاملے کو دوبارہ نہ کھولا جائے۔ پیپلز پارٹی نے این ایف سی اور بی آئی ایس پی کو نہ چھیڑنے پر اصرار کیا ہے اور اس کے مخالف رہی ہے کہ ان کے حصے میں تبدیلی کی جائے۔


