آزاد کشمیر (لارڈ میڈیا) کالعدم تنظیم عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 8 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان ایس ایس پی خاورعلی شوکت نے بتایا کہ مغوی اہلکاروں پر تشدد کیا گیا ہے اور کالعدم تنظیم سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت نے راولاکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اقدامات سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے اور عوام نے ان سے رابطے منقطع کر لیے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کسی بھی صورت میں کمزور نہیں ہوئی ہے اور قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔ مغوی اہلکاروں کو نقصان پہنچا تو سنگین نتائج ہوں گے۔
خاور علی شوکت نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو شرپسندوں کے مذموم عزائم سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کا مقصد ریاستی عملداری کو کمزور کرنا ہے اور اس کے خلاف ریاست تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیاں ریاست اور ریاستی نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔ ریاستی املاک اور عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ریاست کمزور ہے۔


