کراچی (لارڈ میڈیا) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرول کی قیمتوں، پٹرولیم لیوی، بجلی کے نرخوں اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج خیبر پختونخوا، بلوچستان سمیت پورے پاکستان کے 510 مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں، تاہم جماعت اسلامی کے تمام مظاہرے پرامن ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ احتجاج کے دوران صرف مریضوں اور ایمبولینسز کو بلا رکاوٹ راستہ دیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کو روکنے کی کوشش نہ کی جائے، بصورت دیگر حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے اور پیٹرولیم لیوی ختم کرے، ان کا کہنا تھا کہ کارکن احتجاجی مقامات پر موجود رہیں، جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق لاہور میں قرطبہ چوک، کراچی میں شارع فیصل، اسلام آباد میں 26 نمبر اسٹاپ، کوئٹہ میں میاں غنڈی چوک، پشاور میں ٹول پلازہ، ملتان میں بوسن روڈ، کرک میں انڈس ہائی وے، بنوں میں سی پیک چوک اور چکدرہ انٹرچینج سمیت مختلف مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔ احتجاج کی قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی اور ضلعی عہدیدار کریں گے۔
منعم ظفر خان نے عوام سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا اور عوام متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔
واضح رہے کہ ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی نے شاہراہ ریشم مکمل طور پر بند کر دی ہے۔ احتجاج کے باعث متعدد اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہیں اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


