لاہور (لارڈ میڈیا): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے امت مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے مسلم دنیا کے اتحاد کا پیغام دیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ عالمِ اسلام کے نئے باب کا آغاز ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی و ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے اور یہ معاہدہ ہر پاکستانی کی کامیابی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملہ تینوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔


