اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد کشمیر میں جاری احتجاج کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خاندان کے غیرسیاسی افراد بھی جیل میں گئے، تاہم نظام کو داؤ پر نہیں لگایا۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی مسئلوں یا قانون سازی میں حصہ نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی یا فرد ایوان کی عزت میں کمی کرے تو نقصان سب کا ہوگا، احتجاج کریں لیکن ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنا مناسب نہیں ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سوا دو لاکھ کشمیری مہاجرین بارڈر کراس کرتے ہوئے شہید ہوئے ہیں اور آزاد کشمیر کے لیے پاکستان نے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے معاملے پر 25 کروڑ پاکستانیوں کا اسٹیک ہے اور اس مسئلے کو گفت و شنید کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ قانون ہاتھ میں نہیں لیا جا سکتا اور پاکستان آزاد کشمیر کے لفظ آزاد کا تحفظ کر رہا ہے۔


