اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مہاجرین نشستوں کا خاتمہ ممکن نہیں، کیونکہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال وزیراعظم نے خصوصی کمیٹی بنائی تھی جس کے 38 میں سے 35 مطالبات منظور کیے جا چکے ہیں۔
آزاد کشمیر کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی، جہاں طے پایا کہ آئین میں ترمیم کے لیے اسمبلی خود فیصلہ کرے گی۔ اسی دوران سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے بھی اس معاملے پر فیصلہ دیا ہے۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے لیے غیرملکی ہاتھ ملوث ہیں اور اب آڈیوز بھی سامنے آ رہی ہیں جو اس بات کی تصدیق کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو دیا گیا جواب برداشت نہیں ہو رہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آرٹیکل 164 کے تحت وفاق صوبوں سے اپنا حصہ مانگ رہا ہے۔


