تہران (لارڈ میڈیا): ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی حملے یا دھمکی کا جواب دیے بغیر نہیں رہیں گی۔ انہوں نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امریکی شکست کے باوجود ایران کے عزم کا امتحان لینے کی کوشش کر رہا ہے۔
عراقچی نے غیرملکی افواج کو خطے سے نکل جانے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے بقول خلیج فارس کی تاریخ بیرونی مداخلت کاروں کے برے انجام کی داستانوں سے بھری پڑی ہے، اور خطے میں موجود غیرملکی افواج مسلسل خطرے میں ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ممکنہ انسانی غلطیوں اور حادثات کے باعث کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے، اس لیے خطے میں تناؤ کم کرنے کا بہترین راستہ غیرملکی افواج کا انخلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سفارتکاری کو ترجیح دیتا ہے مگر دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔ عراقچی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز ایران اور عمان کے درمیان مشترکہ آبی گزرگاہ ہے، جو امریکا کے ساحلوں سے دور واقع ہے۔
عراقچی نے مزید کہا کہ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کی فضائی، زمینی اور بحری خلاف ورزی کا جواب دینے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔


