ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی شہریوں کو سیاسی سرگرمیوں، مظاہروں اور نظریات کی تشہیر سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ سفارتخانے نے سوشل میڈیا کے استعمال میں مقامی قوانین کی پابندی پر بھی زور دیا ہے۔
سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ سعودی قوانین کے تحت کسی بھی سیاسی سرگرمی میں ملوث ہونا ممنوع ہے۔ پاکستانی شہریوں کو سیاسی اجتماعات اور مظاہروں سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
بیان میں سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے اور غیر مصدقہ خبروں و افواہوں کے پھیلانے سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سفارتخانے نے اشتعال انگیز مواد شیئر کرنے سے بھی منع کیا ہے۔
سفارتخانے نے خبردار کیا ہے کہ مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس میں گرفتاری، جرمانہ، قید، ملک بدری اور دوبارہ داخلے پر پابندی شامل ہوسکتی ہے۔
یہ ہدایت ایسے وقت میں آئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اور سفارتی تعاون جاری ہے اور پاکستان کی وزارت خارجہ نے سعودی عرب کی سلامتی پر حالیہ بیانات دیے ہیں۔


