تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے تہران سے بغداد اور مسقط جانیوالی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ منگل کی رات سے تہران سے بغداد اور مسقط جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور بغداد جانے والی پروازوں کو نجف کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
ایرانی حکام نے بتایا کہ استنبول سمیت دیگر بین الاقوامی پروازیں شیڈول کے مطابق چلیں گی۔ دوسری جانب عراق نے بدھ کی نصف شب سے بغداد کے لیے ایرانی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عراقی حکومت ایرانی پروازوں کا رخ بغداد سے نجف ہوائی اڈے کی جانب موڑنے پر غور کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ امریکی پابندیوں کے خطرے کے باعث 23 ستمبر سے دنیا بھر میں تمام ایرانی ائیرلائنز کی پروازیں بند ہو جائیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر کوئی ہوائی اڈا ایرانی ائیر لائنز کو ایندھن، لینڈنگ سہولیات یا ٹکٹوں کی فروخت فراہم کرتا ہے تو اسے امریکی ڈالر کے مالیاتی نظام سے خارج کیا جا سکتا ہے۔


