گلگت (لارڈ میڈیا): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کو گلگت بلتستان کا نیا وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے امجد ایڈووکیٹ سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے انہیں حکومت سازی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان میں سیاسی اشتراک سے حکومت بنائی جائے گی جس پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتفاق ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے امجد ایڈووکیٹ کو عوام کے آئینی، جمہوری اور معاشی حقوق کے تحفظ اور ان پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی ہے۔


