اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری نے گلگت بلتستان میں پارٹی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد ان کے پاس 12 سیٹیں ہوچکی ہیں، لیکن سپریم اپیلٹ بینچ نے پیپلزپارٹی کے دو کامیاب امیدواروں کا آرڈر معطل کر دیا ہے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ پوسٹل بیلٹ کی غیر قانونی گنتی سے جیتنے والے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ہرایا گیا اور مخالف کو فارم 49 جاری کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن قوانین کے مطابق پولنگ کے 14 دنوں کے اندر آفیشل گزٹ جاری ہونا ضروری ہے، جو تاحال جاری نہیں ہوا۔
پیپلزپارٹی رہنما نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان میں آئین اور قانون کے مطابق معاملات نہیں چل رہے اور ان کی پارٹی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔
بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پاس مخصوص اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے ساتھ 17 سے 19 سیٹوں کی اکثریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کی قیادت نے پیپلزپارٹی سے ملاقات کرکے حکومت سازی میں تعاون کے بدلے وزارتوں کا مطالبہ کیا ہے۔


