اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 48 روپے 29 پیسے فی لیٹر کی کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس کمی کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 282 روپے 19 پیسے فی لیٹر تھی۔ اس کمی سے سرد علاقوں اور دیہی آبادی کے علاوہ وہ گھرانے مستفید ہوں گے جو گھریلو استعمال اور حرارتی ضروریات کے لیے مٹی کے تیل پر انحصار کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے 28 پیسے کی کمی کرتے ہوئے نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے مقرر کی تھی، جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 67 روپے 31 پیسے کم کر کے 311 روپے 47 پیسے مقرر کی تھی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی میں بھی رد و بدل کیا گیا ہے۔ پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 40 روپے 49 پیسے کم کر کے 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی، جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں 19 روپے 71 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔


