نیو یارک (لارڈ میڈیا): ایکس (ٹوئٹر) نے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے ایکس پوسٹس کو انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اسٹوریز میں شیئر کیا جا سکے گا۔ ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ نکیٹا بیر نے اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ فیچر صارفین کو اپنی پوسٹس کو مختلف پلیٹ فارمز پر بآسانی شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔
ساتھ ہی، نکیٹا بیر نے ری ایکٹ ود ویڈیو فیچر کا بھی اعلان کیا ہے جو صارفین کو ایپ کے اندر ویڈیو ری ایکشنز ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس فیچر کے ذریعے ہر پوسٹ کو کانٹینٹ کریئیشن اسٹوڈیو میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم ایکس سے انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ اسٹوریز میں پوسٹس شیئر کرنے کے دو نئے ذرائع کی آزمائش کر رہے ہیں، جہاں صارفین ٹائم لائن اور فل اسکرین ویو سے ویڈیوز شیئر کر سکیں گے۔
شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں خودکار طور پر واٹر مارک شامل ہوگا۔ فی الحال یہ فیچرز محدود صارفین کے لیے آئی او ایس ایپ میں دستیاب ہیں۔


