لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب میں آئندہ مالی سال کے دوران کاشتکاروں کو 20 ہزار گرین ٹریکٹر فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زرعی شعبے میں اصلاحات کے تحت کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی کے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کی ہے۔
گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 9500 ہائی پاور ٹریکٹرز پر 10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ 50 سے 65 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز کو 5 لاکھ روپے کی سبسڈی کے ساتھ فراہم کیا جا رہا ہے۔ آئندہ مالی سال میں ہائی ہارس پاور ٹریکٹرز پر 15 لاکھ روپے اور 50 سے 65 ہارس پاور کے ٹریکٹرز پر ساڑھے 7 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
پنجاب میں پہلی بار 12 اقسام کی جدید زرعی مشینری کی خریداری کے لیے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرضوں کی سکیم بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ اس سکیم کے تحت کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ زرعی آلات خریدنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے چاول کے کاشتکاروں میں 5 ہزار سپر سیڈرز تقسیم کیے گئے ہیں۔ سپر سیڈر سکیم کے دوسرے مرحلے میں مزید 5 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید زرعی میکانائزیشن کے ذریعے پیداواری لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔


