اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی ہم منصب سکاٹ بیسنٹ سے اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ معاشی تعاون، امریکی سرمایہ کاری اور مالیاتی استحکام پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے امریکی ہم منصب کو پاکستانی معیشت میں آنے والے استحکام، اصلاحاتی اقدامات اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کے پاکستانی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی نشاندہی کی اور کہا کہ پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید بہتری اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں اضافے کے لیے امریکی تعاون کا خواہاں ہے۔
دونوں وزرائے خزانہ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، امریکی سرمایہ کاری میں اضافے اور مشترکہ تذویراتی منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔


