کراچی (لارڈ میڈیا): ڈیفنس فیز 6 کے خیابانِ بخاری سگنل پر ایک تیز رفتار ڈالے نے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے پھول فروش خاندان کو ٹکر ماری، جس سے 40 سالہ خادم جاں بحق اور ان کا 4 سالہ بیٹا ذیشان زخمی ہوگیا۔ ایک اور بچہ محفوظ رہا۔
ریسکیو اور پولیس حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب خادم اپنے بچوں کے ساتھ فٹ پاتھ پر سو رہے تھے۔ بے قابو ڈالا فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور ان کو کچلتی ہوئی آگے نکل گئی۔ زخمی اور متوفی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور زخمی بچے اور جاں بحق شخص کو اسپتال پہنچا کر موقع سے فرار ہوگیا۔ گاڑی پر نمبر پلیٹ نہیں تھی اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔
جاں بحق خادم کورنگی کے ناصر جمپ کے رہائشی تھے جو اپنے بچوں کے ساتھ ڈیفنس میں پھول فروخت کرتے تھے۔ حادثے نے ان کے خاندان کی زندگی بدل دی۔
متوفی کے بیٹے نے بتایا کہ ہم پھول بیچتے ہیں اور والد کی ٹانگ ٹوٹنے کے بعد اسکول چھوڑ کر یہ کام شروع کیا۔ ہم سات بہن بھائی ہیں اور کورنگی میں رہائش پذیر ہیں۔


