کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کیمیکل ڈرم پھٹنے سے گودام کی چھت اڑ گئی۔ ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے رشید آباد میں پیش آنے والے اس واقعے میں کئی موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے 6 ٹینڈرز اور ریسکیو 1122 کا ایک فائر ٹرک موقع پر پہنچا اور تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ کولنگ کا عمل ابھی جاری ہے۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ تین منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر قائم کیمیکل گودام میں لگی، جہاں رکھے گئے کیمیکل ڈرم آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ دھماکوں کے باعث گراؤنڈ فلور کا تقریباً آدھا حصہ متاثر ہوا اور گودام کی چھت منہدم ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک زور دار دھماکے کی آواز آئی، جس کے فوری بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اس وقت مزدور عمارت کی پہلی منزل پر کام کر رہے تھے، تاہم آگ لگتے ہی تمام افراد فوری طور پر باہر نکل آئے، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فائر بریگیڈ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


