اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریکنگ اور فیصلہ سازی نظام کا افتتاح کر دیا۔ اس نظام کا مقصد وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد، پیشرفت اور نگرانی کو ٹریک کرنا ہے تاکہ خودکار احتسابی نظام کے ساتھ فیصلہ سازی کا عمل تیز ہو سکے۔
تقریب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اب روایتی فائل نظام کا خاتمہ ہوگا اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے اس جدید نظام کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے وفاقی وزراء احد خان چیمہ اور شزا فاطمہ خواجہ کی کوششوں کو سراہا اور تمام وزارتوں کو اس نظام کو اختیار کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے کہا کہ یہ نظام حکومتی فیصلوں میں شفافیت اور بروقت اقدامات کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے نظام میں خامیاں تھیں جنہیں دور کرتے ہوئے یہ جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ یہ نظام وزیراعظم آفس کا پہلا مصنوعی ذہانت سے چلنے والا نظام ہے جو حکم ناموں کی تکمیل اور نگرانی کا خودکار نظام فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ڈیجیٹائزیشن کی کاوشیں اب اے آئی کی طرف گامزن ہیں۔
یہ نظام حکومت کی معاشی ترجیحات اور خدمات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا اور وزیراعظم کے احکامات کی ڈیڈ لائنز کی نشاندہی اور وزارتوں کی کارکردگی میں بہتری لائے گا۔


