مظفر آباد (لارڈ میڈیا) : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لئے 2 ہزار اسکالرشپس، 5 ہزار لیپ ٹاپ، الیکٹرک بائیکس اور بلاسود قرضے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مظفرآباد میں خود کو مہمان نہیں بلکہ اپنے گھر میں محسوس کرتی ہیں اور کشمیری عوام کی محبت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آنے پر پنجاب کی طرز کے ترقیاتی اور فلاحی منصوبے آزاد کشمیر میں بھی شروع کیے جائیں گے۔ ان کی جماعت عملی کام پر یقین رکھتی ہے اور پنجاب میں ہونے والی ترقی اس کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو 2 ہزار اسکالرشپس، 5 ہزار لیپ ٹاپ، الیکٹرک بائیکس اور بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی بچوں کے لیے مفت تعلیم اور جدید سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ “ستھرا آزاد کشمیر” پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے تحت ہر گاؤں تک سڑکیں پہنچائی جائیں گی اور صحت و تعلیم سمیت تمام شعبوں میں بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں جاری فلاحی منصوبے جیسے گرین بسیں اور کم لاگت رہائشی اسکیمیں آزاد کشمیر میں بھی نافذ کی جائیں گی۔ اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھمانے والے ان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں، کیونکہ ان کا فیصلہ آزاد کشمیر کے مستقبل کا تعین کرے گا۔


