بھارت (لارڈ میڈیا): نو سال قبل اپنی بیوی کو دریائے سابرمتی میں دھکا دے کر قتل کرنے والے شوہر کو بالآخر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق دنیش بھائی سولنکی نے 2017 میں اپنی بیوی کوملبین سولنکی کو قتل کرنے کے بعد اس کی گمشدگی کی جھوٹی رپورٹ درج کرائی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ دنیش نے اپنی بیوی کو رتھ یاترا کے دن سیر کے بہانے لے جا کر دریا میں پھینک دیا تھا جس سے وہ ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔ اگلے روز اس نے پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی، جبکہ خاتون کی لاش دریا سے ملنے پر لاوارث قرار دے کر آخری رسومات ادا کر دی گئی تھیں۔
حال ہی میں دنیش نے شراب کے نشے میں اپنے دوستوں کے سامنے قتل کا اعتراف کیا جس کے بعد پولیس نے پرانا کیس دوبارہ کھولا۔ تحقیقات میں موبائل فون کے شواہد اور گواہوں کے بیانات سے جرم کی تصدیق ہوئی۔
کرائم برانچ کے مطابق دنیش اور اس کی بیوی کے درمیان شادی کے چار ماہ بعد ہی گھریلو تنازعات شروع ہوگئے تھے جو قتل کا باعث بنے۔ دنیش کا مجرمانہ ریکارڈ پہلے سے موجود ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔


