ہومUncategorizedآبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، وزیراعظم

آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر اعظم شہباز شریف نے آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کاوشوں کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت، اراکینِ پارلیمان، سول سوسائٹی، نجی شعبہ اور علمائے کرام سمیت تمام متعلقہ اکائیوں سے اپیل کی کہ آبادی کے مسئلے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس کریں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبادی کی دانشمندانہ منصوبہ بندی اور نظم و نسق ہی فلاحی معاشرہ کی بنیاد ہے۔ وسائل سے متناسب آبادی سہولیات کی منصفانہ تقسیم اور خوشحال عوام کی ضمانت ہے۔

عالمی سطح پر آبادی کے موضوع پر مختص یہ دن اس کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سال یہ دن "نوجوانوں کی امیدوں اور امنگوں کو آج اور مستقبل میں حقیقت بنانا” کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔

پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور نمایاں نوجوان آبادی کے تناسب کی وجہ سے اہم ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ آبادی میں سالانہ 2.55 فیصد اضافہ معاشی منصوبہ بندی اور بنیادی شہری ڈھانچے کی ترقی کے حوالے سے بڑے چیلنجز پیدا کرتا ہے۔

نوجوان آبادی کی استعداد سے بھرپور استفادہ اور مثبت ثمرات کے لئے ملکی وسائل میں مسلسل سرمایہ کاری اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ وفاقی حکومت کے تحت قومی کونسل برائے آبادی قائم کی گئی ہے جو قومی حکمت عملی کی تشکیل اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام شہری بلا تفریق رنگ و نسل بالخصوص معاشرے کے کمزور طبقات سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں