چین (لارڈ میڈیا): چین میں طوفان میساک کے باعث شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں سیکڑوں سانپ اور مگرمچھ بہہ کر شہری آبادی میں داخل ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی چین کے شہر ہینگژو میں سیلابی صورتحال کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ سیلاب کی وجہ سے کئی فارمز کی حفاظتی دیواریں منہدم ہو گئیں، جس کے باعث تقریباً 900 سانپ فرار ہو گئے، جن میں سے کئی آبادیوں میں گھس گئے، جبکہ کئی مگرمچھ بھی سیلابی پانی میں تیرتے دیکھے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ان سانپوں میں سے زیادہ تر زہریلے ہیں، اور سانپوں کے کاٹنے سے ایک خاتون کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں سانپوں کو سیلابی پانی اور لوگوں کے گھروں میں دیکھا گیا ہے، جبکہ مگرمچھ اور بطخیں بھی پانی میں بہتی دیکھی جا سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ چڑیا گھر میں سیلابی پانی بھر جانے کے بعد دیگر جانوروں کے ساتھ ساتھ 2 زیبرے، ایک کوہان بیل، 3 چھوٹے قد کے گھوڑے اور 2 گدھے بھی نکل کر بھاگ گئے ہیں۔


