اسلام آباد (لارڈ میڈیا): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں تنخواہ دار طبقے سے انکم ٹیکس کی مد میں گزشتہ دو برسوں کی نسبت زیادہ رقم جمع کی ہے۔ ایف بی آر نے تنخواہ دار طبقے سے جولائی 2026 میں 44 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 25-2024 کے جولائی میں 42 ارب روپے جب کہ مالی سال 24-2023 کے جولائی میں 30 ارب روپے جمع کیے گئے تھے۔ یہ اضافہ اس وقت ہوا جب حکومت نے 22 لاکھ روپے سالانہ سے اوپر کی سلیب پر انکم ٹیکس میں کمی کی تھی۔
حکومت نے بجٹ میں سالانہ 22 تا 32 لاکھ روپے آمدنی پر انکم ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کر دی جبکہ 32 تا 41 لاکھ پر 30 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کی گئی۔ اسی طرح 41 تا 56 لاکھ پر 35 فیصد سے 29 فیصد اور 56 تا 70 لاکھ پر 35 فیصد سے کم کر کے 32 فیصد مقرر کی گئی۔


