پشاور (لارڈ میڈیا) خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جدید گاڑیاں اور آلات پولیس کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ جدید بلٹ پروف اے پی سیز مختلف اضلاع کے حوالے کر دی گئیں ہیں۔
سی پی او کے مطابق، ڈریگون اے پی سیز ٹانک، ہنگو اور سوات پولیس کے حوالے کی گئی ہیں جبکہ دیگر اے پی سیز اپر دیر اور مانسہرہ پولیس کو فراہم کی گئی ہیں۔ کوہاٹ اور تورغر پولیس کو بھی جدید گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جبکہ مردان، سوات، کوہاٹ اور بنوں کو ہائی ایس وینز دی گئی ہیں۔
سی پی او نے مزید بتایا کہ ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور ٹیلی کمیونیکیشن کو بھی ہائی ایس وینز فراہم کی گئی ہیں۔ مختلف اضلاع اور یونٹس میں 33 لفٹرز تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ مختلف اضلاع کو 25 موٹر سائیکلیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
آئی جی کے پی کے ذوالفقار حمید نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے میں لفٹرز مددگار ثابت ہوں گے۔ کے پی پولیس کی 84 اے پی سیز کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید گاڑیوں سے پولیس کی آپریشنل استعداد مزید بہتر ہوگی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جا رہا ہے۔ عوام کو بروقت اور معیاری پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔


