کراچی (لارڈ میڈیا): آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں اور مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی، چاہے 6 ماہ لگ جائیں۔ ہڑتال پانچویں روز بھی جاری رہی اور وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ بھی مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہماری ہڑتال پرامن ہے اور یہ جائز مطالبات کے لیے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اگر یہ سمجھتی ہے کہ دسمبر کی طرح ہم ہڑتال ختم کردیں گے تو ایسا نہیں ہوگا، جب تک مطالبات کی منظوری تحریری طور پر نہیں ہوتی، ہڑتال ختم نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور سندھ کی حکومتیں ہمارے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں، ہڑتال کی وجہ سے پانچ دنوں میں اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری کے لیے اگر 6 ماہ بھی لگیں تو ہڑتال جاری رہے گی اور جب تک نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوتا، ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی۔


