ہومUncategorizedدریائے چناب پر چار نئے ڈیمز بنانے کی فزیبلیٹی اسٹڈی شروع

دریائے چناب پر چار نئے ڈیمز بنانے کی فزیبلیٹی اسٹڈی شروع

لاہور (لارڈ میڈیا): واپڈا نے دریائے چناب پر چار نئے ڈیمز بنانے کے منصوبے پر فزیبلیٹی اسٹڈی شروع کردی ہے۔ ان ڈیمز کا مقصد مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے پانی کو محفوظ کرنا ہے تاکہ خشک سالی کے دوران استعمال کیا جا سکے۔ سندھ حکومت نے اس حوالے سے واپڈا سے ماحولیاتی اثرات اور ڈیلٹا کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں۔

دریائے چناب پر کم اونچائی والے چار ڈیمز کی تعمیر کی تجویز دی گئی ہے تاکہ مون سون کی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔ فزیبلیٹی اسٹڈی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق چاروں ڈیمز کی مجموعی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت تقریباً 45 لاکھ ایکڑ فٹ ہوگی اور ان کی تعمیراتی لاگت کا تخمینہ 298 ارب روپے ہے۔ یہ ڈیمز وزیرآباد، مڈھ رانجھا، چنیوٹ اور شاہ جیونہ کے مقام پر بنائے جائیں گے۔

سندھ حکومت نے واپڈا سے ان ڈیمز کی فزیبلٹی اسٹڈیز، پی سی ون دستاویزات اور ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ ماحولیاتی اور زیریں بہاؤ پر اثرات کا جائزہ لینے کے لیے مکمل معلومات دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ چناب ڈیموں کے حوالے سے کوئی تکنیکی ڈیٹا، پیرامیٹرز یا تفصیلی مطالعات فراہم نہیں کیے گئے۔ واپڈا نے دستیاب مطالعات اور دستاویزات سندھ کے ساتھ شیئر کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

واپڈا کے مطابق دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تکمیل کے بعد کوٹری سے نیچے پانی کی ضرورت مزید کم ہو جائے گی جبکہ سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ کوٹری سے نیچے بہاؤ پہلے ہی کم ہو رہا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں