بیجنگ (شِنہوا) چین کی قومی مالیاتی ریگولیٹری انتظامیہ اور شنگھائی کی بلدیہ حکومت نے کہا ہے کہ انہوں نے شنگھائی کو عالمی ری انشورنس مرکز بنانے کے لئے مشترکہ اقدامات کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے۔
ان اقدامات کا مقصد بالخصوص چائنہ (شنگھائی) آزمائشی آزاد تجارتی زون کے نئے علاقے لنگ آنگ میں مختلف عوامل کی بلا تعطل ترسیل اور موثر تقسیم کو آسان بنانا جبکہ اسی علاقے میں مرکزی طور پر خطرات سے تحفظ کی ضروریات کا انتظام کرنے کے لئے بڑی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
حکام نے کہا کہ ملکی انشورنس کمپنیوں کی شنگھائی انٹرنیشنل ری انشورنس رجسٹریشن اینڈ ایکسچینج میں ری انشورنس معاہدوں، کلیمز اور متعلقہ معلومات درج کرانے کے لئے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مزید برآں ری انشورنس اداروں کو سرمایہ میں اضافہ، حصص کی ملکیت میں وسعت لانے اور سرمایہ بڑھانے والے مالیاتی ذرائع جاری کرنے میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔
حکام نے مزید کہا کہ لنگ آنگ کے نئے علاقے میں سرحد کے آر پار تعاون کے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انشورنس کمپنیوں کو ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے کی جانب راغب کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات شنگھائی کو ایک بین الاقوامی مالیاتی مرکز بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں جو چین کے 15 ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کے خاکہ میں طے شدہ ایک اہم ہدف ہے۔


