ہومتازہ تریناین ڈی ایم اے نے کل سے شدید بارشوں کا الرٹ جاری...

این ڈی ایم اے نے کل سے شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ملک کے شمالی حصوں میں کل سے فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش متوقع ہے۔

کل سے دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ کل اسلام آباد، پوٹھوہار اور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافے کا امکان ہے جبکہ دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں بھی معمولی اضافہ متوقع ہے۔

موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تاہم پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر اضافہ متوقع ہے۔

حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔ شہری علاقوں میں سیلاب اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں