اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ملزم کو زنجیروں سے باندھ کر تشدد کرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں ایک پرائیویٹ شخص بھی پولیس کے ساتھ مل کر ملزم کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بناتا نظر آ رہا ہے۔
ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو زنجیروں سے باندھنے کی ویڈیو پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
تسنیم ایس آئی اور پرائیویٹ شخص نوید الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی نگرانی میں شفاف انکوائری جاری ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس شفافیت، احتساب اور قانون کی حکمرانی پر کاربند ہے۔


