تہران (لارڈ میڈیا): ایرانی میڈیا نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ 14 نکاتی معاہدے کی تفصیلات جاری کی ہیں جس کا مقصد ایران-امریکا جنگ کا مستقل خاتمہ ہے۔ ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق یہ مسودہ بیک چینل سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
مسودے میں ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے، منجمد اثاثوں کی واپسی، اور آبنائے ہرمز کی بحالی جیسے معاملات شامل ہیں۔ مفاہمتی معاہدے کی نئی تفصیلات ایرانی مذاکراتی ٹیم کے قریبی ذرائع نے فراہم کی ہیں اور یہ ایران کے اعلیٰ حکام میں زیر غور ہے۔
مسودے کی پہلی شق میں جنگ کے فوری خاتمے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ دوسری شق میں امریکا کی ایران کی خودمختاری کا احترام کرنے کی شرط ہے۔ معاہدہ ایران کے خلاف بحری محاصرہ 30 دن کے اندر ختم کرنے کی تجویز دیتا ہے۔
اقتصادی معاملات میں ایران کو نمایاں ریلیف دینے کی تجاویز شامل ہیں، جن میں ایرانی تیل کی فروخت پر پابندیاں معطل کرنے اور ایران کو مالی وسائل تک رسائی دینے کی بات کی گئی ہے۔
مسودے کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادیوں کو ایران کی تعمیر نو کے لیے 300 ارب ڈالر مالیت کے منصوبے دینے ہوں گے۔ 60 روزہ مذاکراتی عمل جوہری پروگرام اور پابندیوں کے خاتمے کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔


