نئی دہلی (لارڈ میڈیا): خلیجِ فارس میں بھارتی تجارتی جہازوں پر حملوں کے بڑھتے واقعات کے بعد بھارت نے واشنگٹن سے احتجاج کیا ہے۔ نئی دہلی میں امریکی ناظم الامور جیسن میکس کو دوبارہ طلب کر کے خلیجی پانیوں میں خطرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
جمعرات کی رات عمان کی شیناس بندرگاہ کے قریب ‘ایم وی جال ویر’ پر حملہ ہوا، جس میں 20 بھارتی عملہ شامل تھا۔ اس حملے سے پہلے 10 جون کو ہوئے حملے میں تین بھارتی ملاح ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز ایران کی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تیل لے جا رہا تھا، جس پر امریکی طیارے نے انجن روم پر میزائل داغے تاکہ جہاز غیر فعال ہو جائے۔
بھارتی حکومت نے خلیجی پانیوں میں بھارتی ملاحوں کے لیے نئی سیکیورٹی ہدایات جاری کی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خطے میں 13 بھارتی پرچم بردار جہازوں پر 622 بھارتی عملہ موجود ہے جبکہ دیگر جہازوں پر 18 ہزار بھارتی شہری ملازمت کر رہے ہیں۔


