دہلی (لارڈ میڈیا): بھارتی گلوکار گرو رندھاوا کے فٹنس جم پر دہلی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے بتایا کہ دہلی کے پشم وہار علاقے میں واقع جم کو 10 جون کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق دو موٹر سائیکل سواروں نے جم کے باہر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک انیل پنڈت نامی شخص کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ سامنے آیا، جس میں کہا گیا کہ گرو رندھاوا کے جم پر حملہ محض ایک انتباہ تھا۔ پوسٹ میں الزام لگایا گیا کہ رندھاوا سلمان خان کے قریب ہو رہے ہیں اور اگر یہ تعلقات برقرار رہے تو مزید حملے ہو سکتے ہیں۔
پولیس نے فائرنگ کے واقعے اور سوشل میڈیا دعوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
سلمان خان اور لارنس بشنوئی گینگ کے درمیان کشیدگی کی تاریخ کئی برس پرانی ہے، جس کی بنیاد 1998 کے کالے ہرن کے شکار کے مقدمے سے جڑی ہے۔ بشنوئی برادری کالے ہرن کو مقدس تصور کرتی ہے، جس کے باعث سلمان خان کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔
لارنس بشنوئی گینگ پر معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل، سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔


