راولپنڈی (لارڈ میڈیا): راولپنڈی کے علاقے روات میں پولیس نے آن لائن فحش ویڈیوز کی لائیو اسٹریمنگ کرنے والے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، کارروائی کے دوران چار مردوں اور سات خواتین کو حراست میں لیا گیا جن میں ایک نائیجیرین شہری بھی شامل ہے۔ ملزمان ویڈیوز ریکارڈ کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل کیمروں کے ذریعے لائیو اسٹریمنگ بھی کر رہے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ایک غیر ملکی ملزم نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اسے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ملزمان فحش ویڈیوز مختلف ویب سائٹس پر اپلوڈ کرتے تھے۔ روات پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ کیس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے این سی سی آئی اے سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔


