انڈیانا (لارڈ میڈیا): امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست انڈیانا میں قائم کیلڈرون ٹیکسٹائلز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاک امریکا تجارتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفیرِ پاکستان نے کیلڈرون ٹیکسٹائلز کے ہیڈکوارٹرز اور ڈسٹری بیوشن سینٹر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہیں کمپنی کے آپریشنز، جدید ویئرہاؤسنگ سہولیات، ملک گیر سپلائی نیٹ ورک اور پاکستان کے ساتھ جاری تجارتی روابط کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سفیرِ پاکستان نے کیلڈرون ٹیکسٹائلز کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تجارتی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کے اعلیٰ معیار، قابلِ اعتماد پیداوار اور عالمی مسابقتی صلاحیت کی عکاس ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان جامع اقتصادی اصلاحات اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط نئی تجارتی راہیں ہموار کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔


