اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کل اہم ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے کل دوپہر 12 بجے ملاقات طے پائی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملاقات کا پیغام موصول ہوا ہے، جسے اپوزیشن اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق قبول کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ آج کے اجلاس میں لانگ مارچ اور ممکنہ گورنر راج کے نفاذ پر بھی غور کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کی خودمختاری اور امن و امان اولین ترجیح ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام کی مرضی کے خلاف کوئی اقدام وفاق کو کمزور کر سکتا ہے۔


